ٹوبہ میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشنز

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیرِ نگرانی اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ کامران اشرف اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی یاسر کی قیادت میں گوجرہ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت سمندری روڈ اور مونگی روڈ سمیت مختلف مقامات پر غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں سڑکوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کر دیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری اور عوام کو آمد و رفت میں سہولت فراہم ہوئی۔انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہری منصوبہ بندی کے اصولوں کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میونسپل کمیٹی گوجرہ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مستقل کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے عوامی راستوں اور شہری منصوبہ بندی کے معیارات کو یقینی بنانے کا عزم کیا۔شہریوں نے اس آپریشن کو سراہا اور حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات شہر کو خوبصورت اور منظم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں