9

ٹوبہ میں ترقیاتی منصوبوں میں غیر معمولی تاخیر سے شہری اذیت میں مبتلا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں غیر معمولی اور غیر ضروری تاخیر نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ،جھنگ روڈ انٹر چینج سے رجانہ انٹر چینج تک ڈبل روڈ کا منصوبہ سست روی کا شکار ہے، جگہ جگہ ادھڑی ہوئی سڑک، مٹی کے ڈھیر اور غیر ہموار راستے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں بلکہ آئے روز حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں، بارش کی صورت میں یہی راستے کیچڑ میں تبدیل ہو سکتے ہیں جبکہ خشک موسم میں گردوغبار سے سانس لینا بھی دشوار ہو گئی ہے مٹی ہی مٹی روڈوں پر ، جس سے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،اسی طرح پرانی سبزی منڈی روڈ پر جاری تعمیراتی کام نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، سڑک کی مسلسل بندش اور نامکمل کام کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے، جس سے دکانداروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے،شہری متبادل راستوں کی وجہ سے بازار کا رخ نہیں کرتے، جس سے روزگار کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں،مین بازار کی بیوٹیفکیشن کا منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہے، خوبصورتی کے نام پر بازار میں توڑ پھوڑ تو کر دی گئی مگر تکمیل نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ کھلے گڑھے، ٹوٹا ہوا فرش اور بکھرا ہوا ملبہ شہریوں کے لیے مستقل خطرہ بنا ہوا ہے، خواتین، بزرگ اور بچے خریداری کے دوران بار بار پھسلنے اور گرنے کے خدشات سے دوچار رہتے ہیں، جبکہ بجلی، پانی اور سیوریج کے مسائل بھی شدت اختیار کر چکے ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی سست روی نے نہ صرف شہر کا حسن برباد کیا ہے بلکہ روزمرہ زندگی کو بھی مشکل بنا دیا ہے، تعلیمی اداروں کے طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور مریضوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، عوامی حلقوں نے کمشنر فیصل آباد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، شفاف نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل کر کے شہریوں کو اس اذیت سے نجات دلائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں