ٹوبہ میں ٹیپ بال کرکٹ چیمپئن شپ سیالکوٹ کلب نے جیت لی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منعقدہ فلڈ لائٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ ٹیپ بال کرکٹ چیمپئن شپ 2026اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ سنسنی خیز فائنل مقابلے میں سیالکوٹ کرکٹ کلب نے رائزنگ سٹار کرکٹ کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی جبکہ رائزنگ سٹار کرکٹ کلب رنر اپ قرار پایا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس اسٹیڈیم ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے گئے فائنل میچ کو دیکھنے کیلئے شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 32 ٹیموں نے ناک آوٹ بنیادوں پر حصہ لیا اور پورے ٹورنامنٹ کے دوران دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔اختتامی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے کامیاب ٹیموں اور نمایاں کارکردگی دکھانیوالے کھلاڑیوں میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ جیتنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنیوالی دونوں ٹیموں کو 2،2لاکھ روپے دیے گئے۔انفرادی کارکردگی کے انعامات میں ٹورنا منٹ کے بہترین کھلاڑی، سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی کو ایک، ایک لاکھ روپے جبکہ سب سے زیادہ چھکے مارنے اور سب سے زیادہ کیچ پکڑنے والے کھلاڑی کو 50،50 ہزار روپے انعام دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں