ٹوبہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشوں کیخلاف متحرک متعدد کو جرمانے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سخت اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیر نگرانی 62پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائس کنٹرول اقداما ت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واضح ہدایت جاری کی گئی کہ تمام دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، بصورت دیگر فوری جرمانہ کیا جائے گا۔ مزید ہدایت کی گئی کہ افطاری کے اوقات میں، جب خریداری میں اضافہ ہوتا ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود رہیں اور سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں2535 انسپیکشنز کی گئیں۔ گراں فروشی اور زائد نرخ وصولی پر 52افراد کو مجموعی طور پر 91ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ اوورچارجنگ اور نرخنامہ خلاف ورزی پر 4ایف آئی آر درج اور 2 دکانیں سیل کی گئیں۔تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1140 انسپیکشنز کے دوران اوورچارجنگ پر 18ہزار 500روپے جرمانہ، 4ایف آئی آر اور 2دکانیں سیل کی گئیں۔ گوجرہ میں480 انسپیکشنز کے دوران زائد نرخ وصولی پر 10ہزار 500 روپے، کمالیہ میں 415انسپیکشنز پر قیمتوں کی خلاف ورزی پر 26 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں