ٹوبہ ٹیک سنگھ میں12مقامات پر سستی چینی فروخت کے پوائنٹس قائم

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 12 مقامات پر سستی چینی کی فروخت کے پوائنٹس قائم کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی نگرانی میں چینی کی فروخت 130 روپے فی کلو کے مقررہ نرخ پر جاری ہے۔ عوام کو چینی کی بلاتعطل اور شفاف فراہمی یقینی بنانے کے لیے ان پوائنٹس کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میونسپل کمیٹی ہال، ماڈل بازار اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ شورکوٹ روڈ، گوجرہ میں میونسپل کمیٹی، جناح پارک اور گدا خانہ چوک، کمالیہ میں میونسپل کمیٹی، کلمہ چوک اور مارکیٹ کمیٹی آفس جبکہ پیرمحل میں مارکیٹ کمیٹی آفس، پرانی فروٹ و سبزی منڈی اور غوثیہ چوک پر چینی کے فروخت پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے چینی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا گراں فروشی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور چینی کی فراہمی شفاف انداز میں جاری رہے۔ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اشیائے خورد و نوش مناسب قیمت پر دستیاب ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں