ٹوبہ کے تعلیمی اور صحت مراکز کی مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ کی جارہی ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تعلیمی و صحت مراکز کی موثر فیلڈ مانیٹرنگ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے عوام کو معیاری طبی و تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف ہیلتھ کلینکس اور تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک 333گ ب اور 330گ ب کا معائنہ کرتے ہوئے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، سٹاف حاضری اور مجموعی سروس ڈلیوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے براہِ راست گفتگو کر کے سہولیات کے بارے میں فیڈبیک بھی حاصل کیا۔ اس موقع پر ہیلتھ کلینکس کے سبزہ زاروں اور گراونڈ کی صفائی بہتر بنانے، مزید شجرکاری کرنے اور لگائے گئے پودوں کی مستقل حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ فرید بخش غوثیہ گریجویٹ سائنس کالج 333 گ ب اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 330 گ ب کا دورہ کیا جہاں کلاس رومز، طلبہ حاضری، تدریسی عمل اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کالج میں بیوٹیفیکیشن، پھولدار پودوں اور سرسبز گراسی گراونڈ کو سراہتے ہوئے ادارہ سربراہان کو تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے واضح کیا کہ صحت مراکز میں معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق فیلڈ مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا اور عوامی سہولیات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں