73

ٹکٹوں کی تقسیم میں مشکلات کا سامنا ہے’ عرفان صدیقی کا اعتراف

اسلام آباد (بیوروچیف)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور منشور کمیٹی کے چیئرمین عرفان صدیقی نے اعتراف کرلیا ہے کہ ن لیگ کو ٹکٹوں کی تقسیم میں مشکلات کا سامنا ہے اور ہم انتخابی مہم چلانے میں بھی پیچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات میں پیچھے ضرور ہیں مگر صرف ن لیگ ہی ہے جس کی بس بھری ہوئی ہے۔سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے لوٹوں سے متعلق اپنے نظریے پر سمجھوتا نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت بنتے وقت پارٹی نے کچھ لوگوں سے وعدے کیے تھے جنہیں ٹکٹ دے رہے ہیں۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر کہا کہ جلسے یا تقریر میں 10 نکاتی ایجنڈا دینے کو منشور نہیں کہا جاتا۔خیال رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کو ٹکٹوں کا فیصلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کو ہفتہ گزر چکا ہے تاہم کس کو ٹکٹ دیں اور کسے نہ دیں کے معاملے پر ن لیگ تاحال فیصلے نہیں کر پائی ہے جبکہ استحکام پاکستانی پارٹی (آئی پی پی) اور ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات بھی ابھی تک طے نہیں پا سکے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی پی پی اور ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مسلم لیگ ن کے رہنماں نے مزاحمت کی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کو ٹکٹ دینے کے فیصلے پر بھی ن لیگ کے مقامی رہنما ناراض ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں