ٹک ٹاک کی واٹس ایپ کو ٹکر دینے کی تیاری

بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک )ٹک ٹاک کی جانب سے کافی عرصے سے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز)پر کافی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے تاکہ صارفین زیادہ وقت ایپ میں گزار سکیں۔اب ٹک ٹاک کی جانب سے میسجنگ کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔درحقیقت ان اپ ڈیٹس کے ذریعے یہ ویڈیو شیئرنگ ایپ واٹس ایپ کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔جی ہاں شارٹ ویڈیوز کے لیے معروف ایپ میں کچھ عرصے قبل گروپ چیٹس اور کریٹیر چیٹ رومز جیسے فیچر متعارف کرائے گئے تھے۔اس سے عندیہ ملتا ہے کہ ٹک ٹاک کی خواہش ہے کہ آپ صرف اس کی فیڈ پر اسکرولنگ نہ کریں، بلکہ کمپنی چاہتی ہے کہ آپ وہاں بات چیت کریں، شیئرنگ کریں اور زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔ٹک ٹاک صارفین اب ڈائریکٹ میسجز میں آڈیو نوٹس بھی بھیج سکیں گے۔اس فیچر کے تحت 60 سیکنڈ طویل آڈیو کلپس بھیجنا ممکن ہوگا اور اس طرح ٹک ٹاک واٹس ایپ اور انسٹا گرام جیسی ایپس کی صف میں شامل ہوگئی ہے۔میسج استعمال کرنے کا طریقہ واٹس ایپ جیسا ہی ہے یعنی چیٹ ونڈو میں مائیکرو فون آئیکون پر کلک کرکے آڈیو ریکارڈ کریں اور سینڈ کر دیں۔اسی طرح صارفین ون آن ون اور گروپ چیٹس میں 9 تصاویر یا ویڈیوز کو بھی سینڈ کرسکیں گے۔آپ لائیو کیمرے سے ان تصاویر یا ویڈیو کو ریکارڈ کرسکتے ہیں یا فون گیلری سے انتخاب کرکے بھیج سکتے ہیں۔ان تصاویر یا ویڈیوز کے لیے ایڈیٹنگ آپشنز بھی دستیاب ہوں گے۔واضح رہے کہ ٹک ٹاک میں 16 سال سے کم عمر صارفین کے لیے ڈائریکٹ میسجز کو استعمال کرنا ممکن نہیں، 16 سے 18 سال کے افراد کو نامناسب تصاویر سے خودکار طور پر تحفظ ملے گا۔18 سال سے زائد عمر کے افراد تصاویر اور ویڈیوز کے لیے چیٹ فلٹر آن یا آف کرسکتے ہیں۔کمپنی کے مطابق نئے فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں