ٹھیکدار پتھر ڈال کر غائب ،نابھہ روڈ کی تعمیر نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایک سال کے دوران بار بار افتتاح کے باوجود غلام محمد آباد نابھہ روڈ کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی، ٹھیکیدار پتھر ڈال کر غائب’ غلام محمد آباد بڑے قبرستان کا روڈ بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ قیمتی گاڑیاں تباہ ہونے لگیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا’ حادثات میں اضافہ ہو گیا، عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران نے چپ سادھ لی۔ تفصیل کے مطابق غلام محمد آباد کی مصروف ترین شاہراہ نابھہ روڈ عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور تقریباً ایک سال قبل مذکورہ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا تو متعلقہ ٹھیکیدار نے نابھہ روڈ پر پتھر ڈالا تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے وڈویژنل صدر حاجی اکرم انصاری نے روڈ کی تعمیر کا ایک برس کے دوران دو سے تین مرتبہ باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے اہل علاقہ کو خوش کر دیا گیا، تاہم ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ٹھیکیدار نابھہ روڈ پر پتھر پھینک کر غائب ہو چکا ہے۔ روڈ پر جگہ جگہ پتھروں کی وجہ سے نہ صرف آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ شہریوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ ہو رہی ہیں۔ ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غلام محمد آباد بڑے قبرستان والا روڈ بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ اور گڑھے پڑنے کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہے۔ شہریوں کو بالعموم اور غلام محمد آباد کے باسیوں کو بالخصوص آنے جانے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ آئے روز ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں۔ غلام محمد آباد کے باسیوں کا کہنا ہے کہ سدابہار ایم این اے حاجی اکرم انصاری کی جانب سے بار بار نابھہ روڈ کی تعمیر کا افتتاح کرنے کے باوجود نابھہ روڈ کی عدم تعمیر لمحہ فکریہ ہے۔ اگر وہ ایسے حلقہ کے روڈ کی تعمیر کا افتتاح کرنے اور ٹھیکیدار کی طرف سے پتھر ڈال کر غائب ہو جانا شرم کا مقام ہے۔ شہری حلقوں نے سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری’ کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کی اہے کہ نابھہ روڈ پر پتھر ڈال کر غائب ہونے والے ٹھیکیدار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ نابھہ روڈ کے ساتھ ساتھ غلام محمد آباد بڑے قبرستان کی شاہراہ کو بھی تعمیر ومرمت کی جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں