66

ٹیکسٹائل برآمدات 17ارب 88کروڑ ڈالر ہو گئیں (اداریہ)

ملک معیشت میں دن بدن بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں مالی سال 2024-25 میں کرنٹ اکائونٹ 14سال بعد 2.1ارب ڈالر سرپلس اور 22سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا آئی ٹی برآمدات 3ارب 80کروڑ ڈالر اور ٹیکسٹائل برآمدات 17ارب 88کروڑ ڈالر ہو گئیں وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے مطابق غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (FDI) میں 5فی صد اضافہ ہوا اور مالی سال 2025ء میں کل سرمایہ کاری 2.5ارب ڈالر رہی ترسیلات زر میں 27فی صد کا تاریخی اضافہ ہوا جس کی مالیت 38ارب ڈالر سے متجاوز کر گئی، اسٹیٹ بنک کے اعلامیے کے مطابق کرنٹ اکائونٹ 14سال کے بعد 2.1ارب ڈالر سرپلس ریکارڈ ہوا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں خرم شہزاد نے کہا کہ جون 2025ء کے اختتام پر کرنٹ اکائونٹ 328ملین ڈالر کے سرپلس کے ساتھ بند ہوا جس سے پورے سال کا مجموعی سرپلس 2.1ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ٹیکسٹائل برآمدات میں سالانہ 7.4فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو بڑھ کر 17.9ارب ڈالر تک پہنچ گئیں دریں اثناء وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کی آئی ٹی’ آئی ٹی ایز اور فری لانسرز کی برآمدات 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں آئی ٹی برآمدات میں مجموعی طور پر 18فی صد اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 2024-25 میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس 3.1ارب ڈالر تک پہنچنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنٹ اکائونٹ پلس گزشتہ 22سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچنا خوش آئند ہے زرمبادلہ کے ذخائر 19ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں ترسیلات زر اور برآمدات میں اضازفہ سے دن بدن بہتر ہوتے ہوئے مالیاتی اور معاشی اشاریے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہو چکی ہے،، بلاشبہ اس وقت پاکستان معاشی ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے جو خوش آئند ہے اگر ٹیکسٹائل آئی ٹی کے ساتھ ساتھ زرعی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو جائے تو معیشت مستحکم زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ممکن ہے جو ملک کو معاشی طور پرمستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو گا،، ملکی برآمدات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے جس کے لیے حکومت کو صنعتکاروں’ برآمدکنندگان کیلئے سہولیات اور ٹیکس میں رعایت دینا ہو گی بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بھی ایسی پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی جن سے سرمایہ کاروں کو فائدہ حاصل ہو ایسی صورت میں بیرونی سرمایہ کار پاکستان کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہوں گے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات اٹھائیں تاکہ ملکی معاشی ترقی کے لیے شروع کی گئی کوششوں میں کامیابی مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں