38

ٹیکس ادا نہ ہونے پر عمران خان کا گھر سیل ہونے کا خدشہ

لاہور(بیوروچیف)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ذاتی گھر زمان پارک کے سربمہر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں بتایا گیا ہے کہ اگر عمران خان نے لگژری ٹیکس کی مد میں14لاکھ40ہزار روپے کا ٹیکس22 مئی تک جمع نہ کروایا تو23مئی کو عمران خان کا گھر سربمہر کیا جا سکتا ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے عمران خان کو ٹیکس کی ادائیگی کے لئے حتمی نوٹس جاری کردیا ہے جس میں عمران خان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 22 مئی تک اپنے ذمہ واجب الادا لگژری ٹیکس جمع کروا دیں وگرنہ ان کا گھر سربمہر کر دیا جائے گا۔اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کا کہنا ہے کہ چونکہ رواں مالی سال ختم ہونے کو جارہا ہے جبکہ محکمہ ایکسائز پنجاب لگژری ٹیکس کی مد میں اب تک ٹیکس ہدف کا 94 فیصد وصول کرسکا ہے، اس لئے اس مد میں رواں مالی سال کا ہدف پورا کرنے کے لئے تمام نادہندگان کو ختمی نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔محکمہ ایکسائز کے مطابق محکمہ نے عمران خان کو ٹیکس کی ادائیگی کے لئے متعدد بار نہ صرف نوٹسز ارسال کئے بلکہ مطلوبہ رقم پر مبنی چالان بھی پیش کر رکھا ہے مگر انہوں نے تاحال ٹیکس جمع نہیں کروایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں