ٹیکس قوانین کے ترمیمی آرڈیننس پر تحفظات کا اظہار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ٹیکس قوانین کے ترمیمی آرڈی نینس 2025پر شدید تحفظات کا ا ظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ یکطرفہ اقدامات کی بجائے مشترکہ فیصلے کرنے کیلئے چیمبرز کے نمائندوں اور حکومتی ارکان پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے اور اس آرڈی نینس کی شقوں کے ممکنہ اثرات اور مضمرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس میں ضروری ترامیم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریکوری کیلئے ایف بی آر کو اکانٹ منجمد کرنے کے اختیارات اور کاروباری مقامات پر افسر تعینات کرنے کے فیصلوں سے بزنس کیمونٹی اور حکومت کے درمیان بداعتمادی پیدا ہوگی اور معیشت کی بحالی کیلئے کئے جانے والے تمام اقدامات بے کار چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے عجلت میں نہیں لینے چاہئیں جس سے ملکی معیشت کو نقصان ہو۔ ایسے فیصلوں سے پاکستان سے سرمایے کی بیرون ملک منتقلی شروع ہوجائے گی اوران حالات میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی کوششوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس قسم کے معاشی فیصلوں کے مضمرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یکطرفہ فیصلوں سے گریز کرنا چاہیے۔ اس سلسلہ میں باہمی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں تاکہ معیشت کی بحالی میں بزنس کیمونٹی اپنا کلیدی کردار ادا کرسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں