69

پابندی ٹھاہ ‘ یوم آزادی پرPTI کی ریلیاں

فیصل آباد’ جڑانوالہ (وقائع نگار خصوصی’ نامہ نگار)حکومتی پابندی ٹھاہ’پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی یوم جشن آزادی کے موقع پر پارٹی پرچموں اور اپنے قائد عمران خان کی تصاویر کے ہمراہ ریلیاں’ پولیس نے اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے چند ایک تھانوں میں مقدمات درج کر کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ سینکڑوں کارکنان شہری اور دیہی علاقوں میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر ریلیاں نکالتے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے حوالے سے 14اگست یوم جشن آزادی کے موقع پر پارٹی پرچموں کے ہمراہ ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد کی تھی اور کہا گیا تھا کہ جشن آزادی کی ریلیوں میں صرف اور صرف پاکستانی پرچم ہی ہونے چاہئیں لیکن پاکستان کے دوسرے بڑے صنعتی اور سیاسی اعتبار سے منفرد مقام کے حامل شہر فیصل آبادمیں PTIکے کارکنوں نے اس حکومتی پابندیوں کو خاطر میں نہیں لایا اور یوم جشن آزادی کے موقع پر شہری اور دیہی علاقوں میں تحریک انصاف کے پرچموں اور اپنے قائدعمران خان کی تصاویر لے کر ریلیاں نکالیں۔ پی ٹی آئی کارکنان ریلیوں کے دوران اپنے قائد کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے با زی کرتے رہے۔فیصل آباد پولیس پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔تاہم حکومت کے نوٹس لینے پر پولیس افسران حرکت میں آئے اور فیصل آباد کے پانچ تھانوں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں تحریک انصاف کے 54’ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 18اور جھنگ میں صرف 1کارکن کو گرفتار کیا گیا ۔ چنیوٹ پولیس مکمل طور پر سوئی رہی’ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے پولیس کی اس مجرمانہ غفلت کا سخت نوٹس لیا ہے اور آئی جی پنجاب سے جواب طلبی کی ہے۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او تھانہ سٹی منصور صادق کی موجودگی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 100 رائے حیدر کھرل کی سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ میلاد چوک میں جشن آزادی ریلی و عمران خان کے حق میں شدید نعرے بازی،پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنان پولیس حصار توڑ کر غائب ہو گئے،اعلی حکام کے نوٹس پر سرگرم کارکنان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے گھروں پر چھاپے، تفصیلات کے مطابق ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار پی پی 100 و سابق ایم پی اے رائے حیدر علی کھرل،میجر رئیائرڈ حبیب،رائے امان اللہ،چویدری ذوالفقار بھٹو گجر،عمر فاروق،عاشق جٹ،طاہر گجر نے سینکڑوں کارکنوں کیساتھ جشن آزادی ریلی نکالی اور میلاد چوک میں عمران خان کے حق میں شدید نعرے بازی کی ریلی کے شرکا نے پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچم تھام رکھے تھے ذرائع کے مطابق پولیس تھانہ سٹی کے ایس ایچ او منصور صادق و نفری کی موجودگی میں پاکستان تحریک انصاف کی جشن آزادی ریلی کے شرکا نے عمران خان کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور سابق حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم کارکنان پولیس حصار توڑ کر غائب ہو گئے جس پر پولیس کے اعلی حکام نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلی حکام کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی ریلی میں شریک سرگرم کارکنان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں جبکہ پولیس کی گرفتاریوں سے بچننے کیلئے سرگرم کارکنان روپوش ہو گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں