پارٹی کارکنوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کارکنان پارٹی کے اثاثہ ہیں، مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ ساتھیو ں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ کارکن ہی عوامی خدمت کا مشن لے کر پارٹی کا پرچم بلند رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر چوہدری عابد شیر علی نے بوہڑچوک ناظم آباد میں کارکنوں’ تاجروں’ معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انجمن تاجران ناظم آباد نوشاہی چوک کے صدر رانا عبداﷲ’ جنرل سیکرٹری مہر محمد نعیم’ فنانس سیکرٹری محمد عظیم الشان’ چیئرمین میاں ابوبکر’ نائب صدر شہباز ملنگ’ سینئر مسلم لیگی رہنما حاجی جاوید رحمانی’ کرامت بٹ’ عالمی بین المذاہب امن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ماجد لطیف’ سینئر نائب صدر عامر شہزاد’ واصف علی’ عبدالرحمان رجوکہ’ کرامت بٹ’ میاں احمد’ آرائیں اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین حاجی فیصل سعید سمیت اہلیان علاقہ بھی موجود تھے۔ چوہدری عابد شیر علی نے مزید کہا کہ تاجر برادری ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ حکومت تاجروں کو سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہے۔ مہر محمد نعیم’ رانا عبداﷲ ودیگر ممبران نے چوہدری عابد شیر علی کوعلاقہ کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ناظم آباد میں واساکا گندہ پانی گھروں میں آ جاتا ہے، نمازی حضرات کو مسجد جانے میں دشواری ہے۔ کھمبوں پر سٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے ڈکیتی’ راہ زنی عام ہو چکی ہے اور ناظم آباد مین روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے علاقہ کے مکین آئے روز حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔ چوہدری عابد شیر علی نے علاقہ کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں