”پارک اپنائیں پروگرام” پر عملدرآمد شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کی زیرنگرانی ”پارک اپنائیں پروگرام” پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی موجودگی میں آڈاپٹ دی پارک کے تحت چھوٹی ڈی گرائونڈ میں قائم پارک کو نجی شعبہ کے سپرد کردیا گیا۔اس ضمن میں ہارٹیکلچر ایجنسی اور نجی شعبہ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم ڈی دلاور خان اور سی ای او کمپنی روحیل شیخ نے ایم او یو پر دستخط اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نجی شعبہ مقررہ شرائط پر پارک کو ”ویلنس سکون پارک” بنانے کے لئے اپنے وسائل استعمال کرے گا جس میں پبلک کا داخلہ بالکل فری ہوگا۔ویلنس پارک میں شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات دستیاب ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں مزید پارکوں کو نجی شعبہ کے سپرد کیا جائیگا جس کی بدولت فیملیز کو تفریح کی جدید سہولیات میسر آئیں گی جو کسی تحفہ سے کم نہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارک اپنائیں پروگرام پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا بہترین نمونہ ہے اورنجی شعبہ کی طرف سے پارک اپنائیں پروگرام میں گہری دلچسپی احسن اقدام ہے۔نجی شعبہ کے سی ای او نے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی توقعات کے مطابق پارک کو ویلنس پارک بناکر شہریوں کو معیاری سروسز فراہم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں