پالیسی ریٹ میں50بیسک پوائنٹ کمی مایوس کن ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے صدر فاروق یوسف شیخ نے پالیسی ریٹ میں50بیسک پوائنٹ کی معمولی کمی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قومی معیشت کے استحکام کیلئے مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے۔ ا نہو ں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری طویل عرصہ سے پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کرتی رہی ہے مگر معاشی استحکام اور مائیکرو انڈی کیٹرز میں بہتری کے باوجود تاحال پالیسی ریٹ ڈبل ڈیجٹ میں ہی برقرار ہے۔ انہوںنے کہا کہ دوسرے ملکوں نے اپنی برآمدات کو بڑھانے اور برآمد کنندگان کو سستے سرمایے کی فراہمی کیلئے پالیسی ریٹ میں خاطر خواہ کمی کی ہے مگر پاکستان مختلف وجوہ کی وجہ سے اب تک پالیسی ریٹ کو کم کرنے سے اجتناب کر رہا ہے جس کی وجہ سے ہماری برآمدات مہنگی ہونے کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں اپنے تجارتی حریفوں کا مقابلہ نہیں کر پا رہیں۔ انہوں نے پالیسی ریٹ ، بجلی اور توانائی کے نرخوں کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان میں بھی اِن کے ریٹ علاقائی ملکوں کے برابر لائے جانے چاہئیں تاکہ ہمارے برآمد کنندگان عالمی منڈیوں میں کھل کے اِن کا مقابلہ کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں