نوجوان اداکارہ سبینہ فاروق نے کہا ہے کہ پاکستانیوں سے زیادہ بھارتی مداح کام اور آرٹ کو زیادہ اچھے طریقے سے سمجھتے ہیں۔مقبول ڈراما سیریل ”کابلی پلاؤ” اور”تیرے بن” میں دو مختلف کردار ادا کرنے والی اداکارہ سبینہ فاروق نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران اداکاری کے کیریئر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان میں کوئی اداکار نہیں ہے ، وہ واحد لڑکی ہیں جن کا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہے ، میں نے اسلام آباد میں پی ٹی وی کے سیریل کیلئے آڈیشن دیا تھا، پہلا پروجیکٹ کرنے کے بعد مجھے اندازہ ہوگیا کہ مجھے اداکاری کرنی چاہیے ۔سبینہ فاروق نے کہا کہ تیرے بن میں حیا کے کردار کو بھارتی مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا، پاکستان کے مقابلے بھارت میں یہ ڈراما بہت زیادہ دیکھا گیا تھا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں یہ بات دوبارہ بولوں گی چاہے مجھے تنقید کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے کہ بھارت کے لوگ کام کو سمجھتے ہیں، ان لوگوں نے ‘حیا’ کے کردار کو سمجھا ہے ، انہوں نے مجھے تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے کردار کو انجوائے کیا ہے ، ایسی بات کرنے پر مجھے کہا جاتا ہے کہ میں بھارت میں کام کرنے کیلئے ترس رہی ہوں۔ شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے دو دن قبل انڈسٹری کے دو لوگوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کی علیحدگی ہوگئی ہے ، مجھے بہت دکھ ہوا، انڈسٹری میں ایک جوڑے کی مثال کو دیکھ سب کے بارے میں ایک ہی مؤقف قائم نہیں کرنا چاہیے ۔
31