پاکستانی قوم کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریم یونین اور جماعت اسلامی زون پی پی 112کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ریلو ے اسٹیشن پر ریلی کا انعقاد۔ ریلی کی قیادت پریم یونین کے چیف آرگنائزر، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی زون پی پی 112خالد محمود چوہدری ،زونل صدر ظہیرالدین بابر ، زونل سیکرٹری کاظم فاروق گل، بائوطاہر، ملک منظور اور دیگر نے کی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد محمود چوہدری نے کہا ساری پاکستانی قوم اپنے ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔آج کے تاریخی دن اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔کشمیر پاکستان کا اہم ترین حصہ ہے ۔ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی بلکہ مستقبل میں مزید تیز بھی ہو گی۔ انہوں نے ریاست پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے روڈمیپ کا اعلان کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے، ریاست جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرے اور ساتھ بھر پور سفارتی مہم بھی شروع کرے، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی قوم غیور، بہادر کشمیریوں کے جزبہ حب الوطنی اور شہدائے کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اور اقوام عالم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔پاکستانی قوم کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی، بعد میں ریلی کے شرکا نے بیرون چنیوٹ بازار مرکزی ریلی میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں