پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں ریٹنگ کم ہونے سے ہمیں فرق نہیں پڑتا۔ فرحان سعید

کراچی (شوبز نیوز) اداکار فرحان سعید نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں پر پابندی سے ریٹنگ کم ہوگی لیکن ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا۔حالیہ انٹرویو میں اداکار فرحان سعید نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں کی پابندی سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہم پچیس چھبیس کروڑ لوگ ہیں اور ہمارے ڈرامے اس لیے نہیں بننا شروع ہوئے تھے کہ کسی اور ملک میں دیکھے جائیں گے، ہم اپنے ملک کے شہریوں کے لیے ڈرامے بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں پر پابندی سے بھارت کا ہی نقصان ہے کہ وہ اچھا کانٹینٹ دیکھنے سے محروم رہیں گے۔فرحان سعید نے کہا ہمارے ڈراموں کو کوئی بھی پیچھے نہیں چھوڑ سکتا اسی لیے وہ دیکھتے ہیں، اچھی چیز اپنی جگہ بناتی ہے اور ہمارے ڈراموں نے بنائی بھی ہے۔اداکار نے کہا کہ میں بھارتی اداکاروں سے مایوس نہیں ہوں، میں ان سے مایوس ہوں جو اپنے ملک کے لیے آواز نہیں اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر میں پاکستان زندہ باد کہتا ہوں اور کسی انڈین کو برا لگتا ہے تو مجھے اس پر ترس آتا ہے کہ وہ کیا سمجھتا ہے کہ میں اپنے ملک سے پیار نہیں کروں گا، میں انڈیا مردہ باد نہیں کہتا ہوں میرے لیے پاکستان زندہ باد ہے۔فرحان سعید نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بات کرنے والے انڈینز نہیں مودینز ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں