68

پاکستان امریکہ کیساتھ تجارت بڑھانے کیلئے کوشاں (اداریہ)

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہتا ہے امریکی وزیر تجارت ہاروڈلئنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمسین سے ملاقاتوں کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات پر گفتگو کی گئی امید ہے کہ تجارتی مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے جو دونوں معیشتوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے بہت جلد دونوں ممالک کی قیادت تجارتی معاہدے کا اعلان کرے گی، امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جا رہا ہے پاکستان روایتی وغیر روایتی شعبوں جیسے آئی ٹی کی ٹیکنالوجی’ معدنیات اور زراعت میں تعاون کا خواہاں ہے،، پاکستان کا امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات وسیع کرنے کا عندیہ خوش آئند ہے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری میں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کا باعث ہو گا، ویسے بھی پاکستان کے لیے یہ خوشی کی خبر ہے کہ قومی معیشت جو تین سال پہلے تک ابتری وزبوں حالی کی جس دلدل میں پھنسی ہوئی تھی اور ملک دیوالیہ ہونے کے جس شدید خطرے سے دوچار ہو چکا تھا اس کے باعث معاشی بحالی کے حوالے سے مقامی اور عالمی سطح پر کوئی خوش امیدی نظر نہیں آئی تھی تاہم اس کے بعد معاشی ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات کیلئے مشکل فیصلوں کا سلسلہ شروع ہوا جسے موجودہ دور حکومت میں تیزی سے آگے بڑھایا گیا اور الحمدﷲ اس کے مثبت اثرات منظرعام پر آنا شروع ہو گئے ہیں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کی معیشت کے استحکام کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں وزیرخزانہ اورنگزیب ایک متحرک وزیرخزانہ کا رول ادا کر رہے ہیں وزیراعظم کی ہدایت پر امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے انہوں نے امریکی وزیر تجارت اور امریکی تجارتی نمائندے ملاقاتیں کی ہیں ملاقاتوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا جس کے مطابق امریکی سرمایہ کاری اور تجارت کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور اس کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانا وقت کا تقاضا ہے امید ہے کہ موجودہ حکومت امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات عروج پر لیجانے کیلئے کامیاب ہو گی اور معیشت مستحکم عوام کوشحال اور ملک ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں