پاکستان اور ایران کے درمیان چیمبرز کانفرنسیں ہونی چاہئیں

لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور ایرانی قونصل جنرل مہران محدفر کے درمیان ایرانی قونصلیٹ میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مکئی، گوشت، گندم اور دیگر زرعی اجناس کی تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ مذہب اور ثقافت کی وجہ سے گہرے برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو ہر شعبے بالخصوص تجارت، سیاحت، ثقافت اور تعلیم میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان چیمبرز کی کانفرنسیں ہونی چاہئیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی سرحد پر بنائے گئے مذبح خانوں سے ایران کو گوشت کی برآمد سے پاکستانی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مویشی پالنے والے بھی منافع سے مستفید ہو سکیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اچھی پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور پرامن ماحول فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وزارت خارجہ کے کامیاب دوروں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل مہران محدفر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان سے گوشت درآمد کرنے کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پاکستان ٹیلی ویڑن لاہور سینٹر کے سینئر نیوز پروڈیوسر خواجہ شاہد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صحافت کے میدان میں مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں