46

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین اہم معاہدوں پر دستخط (اداریہ)

پاکستان اور بنگلہ دیش نے چھ مختلف معاہدوں پر دستخط کئے ہیں نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر محمد یونس اور مشیر خارجہ محمد حسن توحید سے ملاقاتیں کیں، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کی بحالی پر گفتگو ہوئی، نوجوانوں کے درمیان روابط بڑھانے، کنیکٹویٹی بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے تجارت’ معیشت’ سرمایہ کاری’ سکیورٹی دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات کی کسی بھی معاملے میں ہمارے درمیان اختلاف رائے نہیں تھا اسحاق ڈار نے بتایا کہ آئندہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزا کی ضرورت نہیں ہو گی جہاں تک عام شہریوں کے ویزوں کا تعلق ہے وہ پہلے ہی آسان بنا دیئے گئے ہیں پاکستان نے ویزا آن ارائیول یا 24گھنٹے کے ویزا عمل کو بہت تیز کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے اور بین الاقوامی فورمز پر بھی مل کر کام کریں گے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی’ تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونیوالے 6اہم معاہدوں میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا کے خاتمے کا معاہدہ’ تجارت کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ پر ایم او یو’ پاکستان اور بنگلہ دیش کی فارن سروس اکیڈیمیوں کے درمیان ایم او یو’ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان ایم او یو انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیش کے اسٹیٹ ایکسچینج انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمت نامے شامل ہیں یہ معاہدے تجارت اقتصادیات سفارت کاروں کی تربیت’ عملی تبادلوں’ میڈیا تعاون اور ثقافتی تبادلوں میں دوطرفہ تعاون کو ادارہ جاتی سطح پر مزید مضبوط کریں گے پاکستان اور بنگلہ دیش نالج کوریڈور منصوبے کا آغاز کا اعلان بھی کر دیا گیا منصوبے کے تحت 500 بنگلہ دیشی طلبہ کو تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے 100بنگلہ دیشی سول سرونٹس کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا بھی اعلان ہو گیا ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق منصوبے کے تحت آئندہ پانچ سال کے دوران 500بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دیئے جائیں گے جبکہ پاکستان ٹیکنیکل اسٹنٹس پروگرام کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے وظائف 5سے بڑھا کر 25کر دیئے گئے ہیں،، پاکستان اور بنگلہ دیش میں قربتیں بڑھنا خوش آئند ہے 6معاہدوں پر دستخط سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں مزید گرم جوشی بڑھے گی پاکستان نے پاکستان بنگلہ دیش علمی راہداری قائم کرنے کا اعلان قابل تعریف ہے جس کے تحت 500بنگلہ دیشی طلبا کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے سکالرشپس دی جائیں گی ان میں سے ایک چوتھائی سکالرشپس طب کے شعبے میں دی جائیں گی سفارتکاروں اور حکومتی اہلکاروں کے لیے ویزا ختم کرنے کا معاہدہ بھی اچھا فیصلہ ہے تجارت’ معیشت’ سرمایہ کاری’ سکیورٹی دفاع سمیت ہونے والے معاہدے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں معاون ثابت ہوں گے دونوں ممالک کے حکام میں ملاقات کے دوران سارک کی بحالی مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر زور دینا قیام امن کی راہ ہموار کرے گا بنگلہ دیش جو قیام پاکستان کے وقت مشرقی پاکستان کہلاتا تھا پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی مکارانہ سازشوں سے ہم سے جدا ہو گیا تھا ایک طویل عرصہ بعد دونوں میں پھر سے تعلقات بحال ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کو وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے تعلقات کو بام عروج پر لیجانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں