پاکستان اور ورلڈ بنک میں ترقیاتی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستان اور ورلڈ بینک میں ترقیاتی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی، جس میں عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے استحکام اور موسمیاتی اہداف میں تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ملاقات میں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت اصلاحاتی ترجیحات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزارت خزانہ کے مطابق انسانی سرمائے، آبادی، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت کے شعبے زیر غور آئے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سی پی ایف پر موثر عملدرآمد پر زور دیا، وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، پالیسی سازی اور عملدرآمد میں وفاقی وزارتوں کی مثر شمولیت پر بات چیت ہوئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ منصوبوں میں شفافیت اور مانیٹرنگ میکانزم بہتر بنانے پر اتفاق ہوا، زراعت میں پیداواری صلاحیت اور ویلیو چین بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے نجی شعبے کی شمولیت اور زرعی فنانس تک رسائی بڑھانے پر زور دیا، زرعی اصلاحات میں ورلڈ بینک اور آئی ایف سی کی حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں