پاکستان خطے میں امن کا داعی ہے، رانا تنویر حسین

مریدکے(نامہ نگار)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے بھارت کی گیدڑ بھبکھیاںاور افغانستان کے راستے پاکستان میں دہشتگردی پر پاکستان خاموش نہیں رہے گا، بھارت ہو یا کوئی اورجس نے بھی پاکستان کے خلاف جارحیت کا سوچا یا میلی آنکھ سے دیکھا تو اندر گھس کر جواب دیں گے اور آنکھیں بھی نوچ لیں گے ۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا داعی ہے ، ہم نے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا اور احترام کیا ہے ،ہماری دوستی اور احترام کو کمزوری سمجھنے والے بزدل سن لیں ہم دفاع ہی نہیں جواب دینا بھی جانتے ہیں ،بھارت کا حشر دنیا نے دیکھا ،اس کے اندر گھس کر مارا ،اب بھارت افغانستان کے راستے دہشتگردی کروارہا ہے افغان وہ ہیں جن کو ہم نے دہائیوں تک گلے لگایا ،لاکھوں افغانوں کو ہم نے پناہ دی مگر انہوں نے بے وفائی دکھانا شروع کردی اوربھارتی ہاتھوں میں کھیلنا شروع کردیا ،پاک فوج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے اور ہر جواب پہلے سے سخت ہوگا ۔انہوں نے کہا امریکی صدر سمیت ساری دنیا وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امن کیلئے کی گئی کوششوں کی تعریف کر رہی ہے ،دنیا کے فیصلوں میں اب پاکستان کا اہم کردار ہے ،بھارت کو پہلے شکست کی پریشانی تھی اب کامیاب خارجہ پالیسی کی پریشانی ہے ،مودی گھر میں سکھی ہے نہ باہر سے ،اسے ہر جگہ ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،پاکستان دفاع اقتصادی سفارتی لحاظ سے اب مستحکم ہے ،انشااللہ اسے ترقی خوشحالی سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا ملک میں چینی کا کوئی بحران نہیں ،شوگرانڈسٹری سے منسلک افراد کے خدشات تحفظات اپنی جگہ ہیں لیکن حکومت جو اقدامات کررہی ہے وہ درست ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں