56

پاکستان عالمی امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار (اداریہ)

امریکی وزیر خارجہ کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ امن کیلئے پاکستانی کردار مؤثر ہو گا، ملکر کام کریں گے پاکستان کی جانب سے جنگی معاہدے کی پاسداری اور خطے میں امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے گفتگو میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن’ مذاکرات سے ہی ممکن ہے وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت سے بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی ہر ممکن کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے شہباز شریف نے پاک بھارت جنگ کا خطرہ ٹالنے پر وزیرخارجہ روبیو کی سفارتی کوششوں کو سراہا وزیراعظم نے کہا ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق مثبت بیانات جنوبی ایشیا میں امن کیلئے حوصلہ افزا ہیں اور پاکستان بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر’ سندھ طاس معاہدے تجارت اور انسداد دہشت گردی پر بھی بات چیت ہونی چاہیے وزیراعظم نے ایران اسرائیل بحران کے پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی ہر ممکن کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنا کو تیار ہے، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو تجارت توانائی اور آئی ٹی’ معدنیات میں تعاون بڑھانا چاہیے وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی امن کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم قابل تعریف ہے خدا کرے وہ اس مقصد میں کامیاب ہوں! غزہ کے بعد ایران پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے بعد اس وقت امت مسلمہ اور عالمی طاقتوں کے کردار ادا کرنے کا وقت ہے، ظلم وبربریت کا جو کھیل اسرائیل نے شروع کر رکھا ہے وہ قابل مذمت ہے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی اسرائیل کو غزہ اور ایران پر بربریت کرنے سے باز رہنے کی اپیل کر رہی ہیں مگر اسرائیل اپنے سرپرست امریکہ کی آشیرباد سے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے کے بعد ایران پر بھی چڑھ دوڑا بلاشبہ ایران اتنی بڑی عسکری قوت نہ رکھنے والا ملک ہے جسے اسرائیل امریکہ کے کہنے پر تاراج کرنا چاہتا ہے مگر ایران کے میزائل حملوں سے ہونے والی تباہی نے اسرائیلیوں کو خاک چاٹنے پر مجبور کر دیا ہے اب تو امریکہ بھی کہہ رہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ بندی ہونی چاہیے امریکی وزیر خارجہ کو روبیو نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ٹیلیفون پر پیغام دیا کہ امن کیلئے پاکستان مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے قبل ازیں جب بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی اور پاکستان نے صرف چند گھنٹے میں اس کے اہم دفاعی مراکز کو تباہ وبرباد کر کے رکھ دیا تو بھارت اور امریکہ کو یہ فکر لاحق ہو گئی تھی کہ اگر پاکستان کو نہ روکا گیا تو بھارت کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا لہٰذا امریکہ کے صدر ٹرمپ نے دونوں ملکوں کی کشیدگی کو ختم کرانے کیلئے فوری جنگ بندی کرا دی اور ساتھ ہی یہ کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین تنازعہ کشمیر حل کرانے کیلئے تیار ہیں جس کا پاکستان نے خیرمقدم کیا تاحال جنگ بندی پر عملدرآمد ہو رہا ہے اس دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی کابینہ کی جانب سے بعض اطلاعات سے معلوم ہوا کہ بھارت اندر ہی اندر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے اور ایک بار پھر جارحیت کر سکتا ہے اس حوالے سے پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت ہمہ وقت الرٹ ہے اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے امریکی وزیر خارجہ کے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرنے پر شہباز شریف کا عالمی امن کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم لائق ستائش ہے تاہم عالمی امن کیلئے امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں