پاکستان میں ترقی کی چابی سیاسی استحکام میں ہے

نارووال (نامہ نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ 77 سالوں میں ہم نے کامیابی کی 3 اڑانیں کریش کی ہیں،اب چوتھی اڑان بھر رہے ہیں جس میں کامیابیاں مل رہی ہیں، برآمدات، انرجی، مہنگائی اور اسٹاک سمیت کئی اشاریے بہتر ہوئے ہیں، پاکستان میں ترقی کی کنجی سیاسی استحکام ہے، اس وقت ہمیں کسی سیاسی لانگ مارچ کی نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، صوبہ سندھ نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے’ہمارا نظریہ نوجوانوں کو گالم گلوچ سکھانا نہیں، ہمارا نظریہ نوجوانوں کو ترقی کیلئے مواقع کی فراہمی ہے’سابق صدرعارف علوی نے ملک کے وقارکو داؤپر لگایا، امریکہ میں جاکر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔یونیورسٹی آف نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت سندھ کا اڑان پاکستان کی پہلی صوبائی ورکشاپ میں نمایاں تعاون پر شکریہ، 77 سالوں میں ہم نے کامیابی کی 3 اڑانیں کریش کی ہیں، اب چوتھی اڑان بھر رہے ہیں جس میں کامیابیاں مل رہی ہیں، برآمدات، انرجی، مہنگائی اور اسٹاک سمیت کئی اشاریے بہتر ہوئے ہیں، صوبائی ورکشاپس کا مقصد کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اڑان پاکستان کے نفاذ کے منصوبے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں یہ ورکشاپس منعقد کی جائیں گی تاکہ اڑان پاکستان پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے’مشاورتی ورکشاپ میں مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے جو اُڑان پاکستان کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی سفارشات مرتب کریں گے۔ اُڑان پاکستان ایک جامع ترقیاتی حکمت عملی ہے جسکا مقصد قومی وسائل کو متحرک کرنا اور پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی کنجی سیاسی استحکام ہے،اس وقت ہمیں کسی سیاسی لانگ مارچ کی نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، صوبہ سندھ نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے،صوبہ سندھ دور حاضر کی سب سے بڑی موسمیاتی آفت کا شکار ہوا ہے، 2022 کے سیلاب میں صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا، ان حالات کے تناظر میں ہمیں ہر طرح کی آفات کا سامنا کرنے کی تیاری کرنی ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبہ سندھ کے ساحلی علاقے سمندر برد ہو رہے ہیں، ان ساحلی علاقوں کو بچانے کے لیے سبز انقلاب 2.0 پر عملدرآمد نہایت ضروری ہے،اڑان پاکستان کا ایک اہم پوائنٹ توانائی ہے، صوبہ سندھ میں قدرت نے ہمیں 400 سالوں کا کوئلہ دیا ہے،ہمیں خوشی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ مل کر سندھ کے اس خزانے کو استعمال کر رہے ہیں، سندھ کا دفن خزانہ اس وقت ملک کا انرجی کیپیٹل بن رہا ہے، سکھر حیدرآباد موٹروے کو رواں سال ترجیحی بنیاد پر شروع کیا جارہا ہے، کراچی حیدرآباد موٹروے کی تعمیر نو پر کام ہو رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آبادی بڑھنے کی شرح 2.55 فیصد ہوگئی ہے، اگر اسی طرح آبادی بڑھتی رہی تو ہمارے معاشی وسائل کم ہوتے چلے جائیں گے، تمام ترقی یافتہ مسلم اور غیر مسلم ممالک نے آبادی پر کنٹرول کر کے ترقی کی ہے، تمام صوبوں کے ساتھ شراکت داری کی بھرپور کوشش جاری ہے،صوبائی حکومت کیساتھ مل کر آگے کی حکمت عملی بنائیں گے، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اور سندھ کے عوام کو بہتر رہائش، تعلیم اور معیار زندگی دے سکیں گے، پرائیویٹ سیکٹر اور سول سوسائٹی کو اڑان پاکستان کے مقاصد کے حصول میں ساتھ دینے کی دعوت دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کی ترقی کیلیے کام کرنے کی ضروت ہے، حکومت میڈیا کی آزادی کا مکمل احترام کرتی ہے، میڈیا کی آزادی کے نام پر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی ماوں بہنوں کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، میں خود سوشل میڈیا کی نفرت انگیزی کا شکار ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واحد ماس ٹرانزٹ منصوبہ ریڈ بس کراچی میں وفاق نے بنایا، اٹھارھویں ترمیم کے بعد وسائل تقسیم ہوگئے، پی ٹی آئی حکومت میں سندھ کے ساتھ کئی زیادتیاں ہوئیں، وزیراعلیٰ سندھ کی درخواست پر سندھ کے کئی منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل کیے گئے، نارووال سپورٹس سٹی کی رونقیں بحال ہورہی ہیں، نوجوانوں کو تعلیم وتفریح کی تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، اڑان پاکستان کے تحت ملک کے چپے چپے میں یونیورسٹیاں اور کھیل کے میدان بنائیں گے،ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں نے مشکلات کو مواقع میں بدلنا ہے،ارشدندیم کی کامیابی نوجوانوں کے لیے مثال ہے،ہمارا نظریہ نوجوانوں کو گالم گلوچ سکھانا نہیں، ہمارا نظریہ نوجوانوں کو ترقی کیلئے مواقع کی فراہمی ہے، ہمیں ماضی میں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا، ہم نے صعوبتیں برداشت کیں مگرچیخے چلائے نہیں،سابق صدرعارف علوی نے ملک کے وقارکو داؤپر لگایا، عارف علوی نے امریکہ میں جاکر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں