پاکستان میں پہلی بار دل کی بے ترتیب دھڑکن کا کامیاب آپریشن

ملتان ( بیو رو چیف )پاکستان میں پہلی بار دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کا کامیاب آپریشن کیا گیا جس سے کمسن ایان کی زندگی بچ گئی۔ سیلاب سے متاثرہ ملتان کے ساجد حسین اور ان کی اہلیہ ثمینہ کو کچھ سکون اس وقت ملتا ہے جب وہ آج اپنے بیٹے ایان کو دیکھتے ہیں اور دل میں اضطراب کی لہر محسوس نہیں کرتے۔ رپورٹ کے مطابق پانچ سالہ ایان ایک جان لیوا دل کی بیماری میں مبتلا تھا، جس کا حال ہی میں ایک انتہائی کامیاب آپریشن کیا گیا، جس سے اس کے عام زندگی گزارنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ یہ کامیاب آپریشن پاکستان میں پہلی بار کیا گیا اور اس خاندان کے لیے کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔ ایان کی والدہ ثمینہ نے بتایا کہ بہت عرصے بعد ان کا دل سکون میں ہے، آپریشن کے بعد سے ایان ایک بار بھی بیمار نہیں ہوا۔ ایان پہلے کسی بھی ناخوشگوار چیز پر سانس روک لیتا، اس دوران اس کا چہرہ پیلا پڑ جاتا اور وہ بے ہوش ہو جاتا تھا۔ ثمینہ کی شادی اپنے کزن سے ہوئی، ایان کے علاوہ ان کے تین اور بچے بھی ہیں، جب کہ تین مردہ بچے بھی پیدا ہوئے تھے۔ حال ہی میں آنے والے سیلاب سے ان کا گھر تباہ ہوگیا اور وہ امدادی کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق اس کٹھن وقت میں ایان کو دیکھ کر انہیں امید ملتی ہے، بے حد خوشی ہے کہ وہ اب ہمارے سامنے ہے اور اچانک بیمار ہونے کے باعث اسے کھونے کا خوف نہیں ہے۔ ساجد 2009 سے کراچی میں مزدور کے طور پر کام کر رہے ہیں اور 2023 میں خاندان ملتان کے گاں سے شہر آ گیا جب کسی نے انہیں بتایا کہ ایان کا مفت علاج یہاں پر ہو سکتا ہے۔ ابتدائی طور پر ایان کا علاج ایک سرکاری سپتال میں کیا گیا، جہاں سے اسے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) بھیج دیا گیا۔ این آئی سی وی ڈی نے آغا خان یونیورسٹی ہسپتال (اے کے یو ایچ) کے ساتھ مل کر یہ نایاب آپریشن کیا جس پر تقریبا چھ لاکھ روپے لاگت آئی. شروع میں آپریشن کا خرچ 40 لاکھ روپے بتایا گیا تھا لیکن ڈاکٹروں اور آغا خان ہسپتال کی مدد سے یہ مفت مکمل ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں