پاکستان نے IMFکی شرط پوری کر دی

اسلام آباد(بیوروچیف)پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی شعبے کیلئے نیا قانونی فریم ورک قائم کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط پر پارلیمنٹ نے ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ2026 منظور کر لیا ہے جس کے تحت پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی باضابطہ طور پر قائم کر دی گئی ہے۔یہ اتھارٹی ملک میں ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کرنے والوں کو لائسنس جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی نگرانی بھی کرے گی،اس قانون کا مقصد سرمایہ کاروں کا تحفظ یقینی بنانا اور ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔رپورٹ کے مطابق نئے فریم ورک سے ورچوئل اثاثہ مارکیٹ میں استحکام آئے گا اور نئی ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی بھی ممکن ہو سکے گی۔ اتھارٹی کو ابتدائی طور پر جولائی 2025میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قائم کیا گیا تھا جسے اب پارلیمنٹ سے باقاعدہ قانونی حیثیت مل گئی ہے۔قانون کے تحت منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا جائے گا جبکہ پاکستان کے ضابطہ کار کو عالمی معیار کے مطابق تشکیل دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں