65

پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے (اداریہ)

پاک فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے جو پاکستان کے ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے وہ آج کہاں ہیں؟ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے’ آزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا’ شام’ کشمیر اور غزہ کے عوام سے پوچھو’ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں ہم کسی صورت اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے، میرا ایمان ہے اﷲ ہمیں دہشت گردی کے خلاف فتح عطا کرے گا، ہمیں امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئین قومی وحدت کا نشان ہے، میں پاکستان کا خادم ہوں، فوج کے سپہ سالار کے ساتھ یک جان دو قالب ہو کر خدمت کر رہا ہوں قومی یوتھ کنونشن سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، عوام’ حکومت اور فوج کے درمیان مضبوط رشتہ ہی پاکستان کے تحفظ اور ترقی کا ضامن ہے، خطاب کے دوران وقفہ سوالات کے دوران نوجوانوں کے سوالات کے جواب میں آرمی چیف نے پاک فوج کا موقف بیان کیا، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے نوجوانوں کو ترقی کے تمام وسائل مہیا کریں گے جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے ہی نوجوان ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے، بجلی’ محصولات اور برآمدات سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہیں وقت کا تقاضا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے سب ملکر اپنا کردار ادا کریں، ہم نے ہر صورت دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے،، پاک فوج کے سپہ سالار سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کا وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم قابل تحسین ہے سیاسی وعسکری قیادت نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور اسکی جانب میلی نظر سے دیکھنے والوں کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ وہ زندگی بھر یاد رکھے گا پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنا ضروری ہے خاص طور پر شتربے مہار سوشل میڈیا جسے فتنہ قرار دیا جا چکا ہے کا سدباب کرنا ضروری ہے جب سے فیس بک اور سماجی رابطے کی دیگر ایپلی کیشن نے میڈیا کا روپ دھارا ہے تب سے دنیا میں پراپیگنڈے نے سوشل میڈیا کو اپنا گھر سمجھ لیا ہے دنیا کے ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان بھی اس فتنہ سے بہت متاثر ہوا ہے جس کو دیکھو وہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور ایسا مواد اپ لوڈ کرنے میں فخر محسوس کرتا ہے جس سے معاشرہ میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے سوشل میڈیا صارفین کسی بھی ضابطے اور قاعدے کا خیال رکھے بغیر سوشل میڈیا پر انتشار پھیلا رہے ہیں ایک جماعت نے تو سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنا رکھا ہے اور اس پلیٹ فارم سے ملک اور ملک کے اہم ترین اداروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے وزیراعظم اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر اپنے ملک کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب’ لیپ ٹاپ دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور چاہتے ہیں کہ نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں میاں شہباز شریف جب وزیراعلیٰ پنجاب تھے اس وقت انہوں نے نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ سکیم سمیت بیرون ملک سکالرشپ پر بھجوانے کے اقدامات کئے تھے بطور وزیراعظم شہباز شریف ایک بار پھر نوجوانوں کی ترقی اور انکی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہیں یوتھ کنونشن میں وزیراعظم کا یہ کہنا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے دراصل نوجوان نسل پر اعتماد کرنا ہے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے پوری قوم بالخصوص نوجوانوں کو ملک کی تعمیر وترقی کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں