اسلام آباد (بیوروچیف)وفاق المدارس پاکستان نے10لاکھ حافظ قرآن بنا کر عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔وفاق المدارس پاکستان نے دنیا بھر میں 10 لاکھ سے زیادہ حافظ قرآن تیار کرکے ایک قابل ذکر کارنامہ انجام دیا ہے۔وفاق المدارس کی جانب سے 1982میں امتحان کے آغاز کے بعد سے اب تک10لاکھ طلبا نے کامیابی کے ساتھ قرآن پاک کا حفظ مکمل کیا ہے۔صرف 2019 میں 78,000 سے زائد طلبہ حافظ قرآن بنے، جن میں 14,000 طالبات بھی شامل تھیں۔ مدرسہ میں چار سال سے کم عمر کے بچوں کو داخلہ دیا جاتا ہے، اور وہ صرف دو یا اڑھائی سال میں قرآن پاک کا حفظ مکمل کر لیتے ہیں۔وفاق المدارس کے نمائندے قاری حفیظ جالندھری نے پاکستان میں سالانہ تیار ہونے والے حافظ قرآن کی تعداد کا سعودی عرب سے موازنہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عربی پاکستان کی قومی زبان نہیں ہے لیکن سعودی عرب کے مقابلے میں پاکستان کے زیادہ بچے قرآن حفظ کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر سال صرف پانچ ہزار حافظ قرآن تیار کرتا ہے۔
