11

پاکستان کسی صورت انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری محمد رفیق لودھی سید نعیم بخاری ایڈووکیٹ و دیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نہتے عوام پر ظلم و جبر دانشمندی نہیں ہے۔ وطن عزیز کے بے لوث وفاداروں سے ”سوتیلی ماں”جیسا سلوک رکھنا افسوسناک ہے۔غزہ کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کو ناقابل معافی جرم بنا دینا کوئی عقلمندی نہیں ہے۔حکومت طاقت وتشدد کا راستہ چھوڑ کر”ٹی ایل پی” سے مذاکرات کے ذریعے حل نکالے۔وطن عزیز پاکستان بیرونی واندرونی “انتشار وخلفشار” کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انتظامیہ نا جانے کس کی خوشنودی کیلئے تصادم کاراستہ اختیار کررہی ہے۔ پرامن عوام کو دبانے کی بجائے انکے زخموں پر مرہم رکھنا ہی دانشمندی ہے۔حکومت کاکام قوم کو تقسیم اورمایو س کرنانہیں بلکہ متحد اوریکجان کرناہوتاہے۔ اگر ریاست “ماں” کا کردار ادا کریگی توقوم اسکے گرد محبت سے اکٹھی ہوجائے گی اور اگرظلم وجبر زور زبردستی فسطائیت کارویہ برقرار رکھے گی توعوام کے دلوں سے ہمیشہ کے لئے نکل جائے گی۔ حکومت کویہ بات ہمیشہ مدنظررکھناچاہئیے کہ پرامن شہریوں کیخلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال لاٹھی چارج گرفتاریاں فائرنگ شیلنگ کسی صورت میں مناسب نہیں اور اس سے قوم میں انکے خلاف نفرت بڑھے گی۔ حکومت کوسمجھنا چاہیے کہ تشدد پکڑ دھکڑاور طاقت کا استعمال وقتی طور پر آوازیں دباسکتا ہے مگر دلوں میں لگی آگ کو بجھانہیں سکتا۔ سیاست میں مسائل کا حل اوربات چیت پہلی ترجیح اورحکمت عملی ہوتی ہے اسے بروئے کار لایا جائے تاکہ مسائل ومعاملات کاپرامن حل نکالاجاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں