پاکستان کی خود مختاری پر کوئی آنچ برداشت نہیں کی جائیگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک آرمی نے سرحدی اشتعال انگیزی کا فوری اور بھرپور جواب دے کر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی۔ افغان طالبان کو جان لینا چاہیے کہ ہر جارحیت کا انجام سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا افغانستان ہویادنیا کا کوئی ملک انکو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئیے کہ یہ وطن ہماری جان ہے اور ہم بحیثیت قوم اسکے دفاع سے غافل نہیں ہو سکتے ہماری ذمہ داری ہے اس کا دفاع ہر حال میں یقینی بنایا جائے ۔رمضان المبارک جیسے بابرکت اور مقدس مہینے میں، جب پوری امتِ مسلمہ عبادت، صبر، تقوی اور باہمی اخوت کا درس تازہ کرتی ہے، دو “اسلامی ممالک” کا ایک دوسرے کے خلاف خونریزی میں ملوث ہونا انتہائی افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآنِ کریم نازل ہوا اور جس کا پیغام امن، رحمت اور ہدایت ہے۔مگر آج اسی مہینے میں مسلمان ایک دوسرے کے خلاف صف آرا نظر آتے ہیں۔افغان مسلمانوں کو اس بات کومدنظر رکھ کر سوچنا ہوگا کہ وہ کیونکر جانے انجانے میں امت مسلمہ دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم میں انکے مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ قیادتیں جذبات کے بجائے حکمت، برداشت اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ جنگ کبھی بھی مسائل کا پائیدار حل نہیں ہوتی، بلکہ اس کا سب سے بڑا نقصان عام شہریوں، معصوم بچوں اور نہتے خاندانوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔ مسلم حکمرانوں کو باہمی اختلافات گفت و شنید اور اخوت کے ذریعے حل کرنے کی تدابیر اپناناہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں