پاکستا ن کو ہر قسم کے بحران سے نکالیں گے

اسلام آباد (بیورو چیف)پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ہم سب ملکر پاکستان کو ہر قسم کے بحران سے نکالیں گے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے، بجٹ میں دانش سکولز کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، اپوزیشن کی طرف سے صرف تنقید برائے تنقید کی جا رہی ہے، آج اپنی تقاریر میں اپوزیشن بھی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہی ہے۔ قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نعرے لگاتی تھی کہ ملک 24، 48 یا 72 گھنٹوں میں ڈیفالٹ ہو رہا ہے آج یہ بجٹ پر تنقید کر رہے تھے تو میں حیرانگی سے انہیں دیکھ رہا تھا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو آئی ایم ایف کو خطوط لکھتے تھے اور کہتے تھے کہ اگر آپ نے اس ملک کے غریب، بیروزگار اور کسان کے ساتھ معاہدہ کیا تو ہم اس ملک کو آگ لگا دینگے، یہ ملک بند کرنے اور ملک کو چلنے نہ دینے کی باتیں کرتے تھے ، جب یہ تمام ڈرامے کر چکے تو آج انہیں دیکھ کر حیرانگی ہوتی ہے کہ وہی لوگ اس بجٹ کے اوپر تنقید کر رہے ہیں جو ملک کے دیوالیہ ہونے کی ہاتھ ا ٹھا کر دعائیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ان کی تنقید دیکھتے ہیں تو یہ اس چیز کی گواہی لگ رہی ہے کہ ملک معاشی استحکام اور بہتری کی جانب گامزن ہے کیونکہ 24 گھنٹے دیوالیہ ہونے کی بات کرنے والے اب گروتھ، معاشی پالیسیوں کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جس حال میں پاکستان ملا تھا اور آج پاکستان جس حال میں ہے اس میں نمایاں فرق ہے ، ہمیں محرومیوں سے بھرپور دہشت گردی میں لپٹا پاکستان ملا لیکن ہم نے اسے دہشت گردی سمیت مالی بحران سے نکالا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں