پاک افغان سیز فائر مثبت پیش رفت ہے، ڈاکٹر راغب نعیمی

لاہور(بیورو چیف)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے پاک افغان سرحد پر حالیہ سیز فائر معاہدے کو خوش آئند اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن اور دو طرفہ احترام کی جانب مثبت قدم ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پرامن تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔ پاکستان ہمیشہ امن، بھائی چارے اور ہمسائیگی کے اصولوں کو مقدم رکھتا ہے۔ پاکستان کی عوام اور افواج نے قربانیاں دے کر امن کو ممکن بنایا ہے۔ افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔حالیہ دنوں میں پاکستانی علاقوں پر دہشت گرد حملے اور سرحد پار سے کی جانے والی کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اسلامی ہمسائیگی اور برادرانہ تعلقات کے تقاضوں کے بھی منافی ہیں۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے، اور ہمیشہ افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا خواہاں رہا ہے، مگر مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں اور دہشت گرد عناصر کو پناہ دینے جیسے اقدامات خطے کے امن کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے اور موثر کارروائی کرے۔پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں