46

پاک امریکہ تجارتی مذاکرات میں اہم پیشرفت (اداریہ)

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مذاکرات میں پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق آئندہ ہفتے معاہدے کی تکمیل پر اتفاق طے پا گیا ہے تکنیکی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے تک مکمل کئے جانے کا امکان ہے برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مذاکرات ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی حالات کے تناظر میں معاشی تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینا اور پاکستان کی جانب سے امریکی درآمدات پر بھاری ڈیوٹی سے بچنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹینک کے مابین باہمی ٹیرفس سے متعلق ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں دونوں ممالک کے دمیان تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کے تحت اگلے ہفتے معاہدے کی تکمیل پر اتفاق طے پایا ہے پاکستان اور امریکہ کے مابین اس اجلاس میں فریقین نے جاری مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارتی مذاکرات کو آئندہ ہفتے تک خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا علاوہ ازیں تجارتی معاہدے کے بعد باہمی مفادات پر مبنی ایک جامع شراکت داری تشکیل دی جانے پر بھی اتفاق کیا گیا وزارت خزانہ کے مطابق یہ شراکت داری اسٹریٹجک اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کرے گی اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے لیے یکساں فوائد کے حصول کیلئے گفتگو کا محور تجارت پر سرمایہ کاری اور معاشی روابط کو مزید گہرا اور مؤثر بنانے پر تھا دونوں ممالک تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے پُرعزم ہیں جو اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ پاک امریکہ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کی کوشش کامیابی سے ہمکنار ہوں گی،، امریکہ کے ساتھ پاکستان کی دوطرفہ تجارت کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا تھا اور اس پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں پاکستان مین امریکی ناظم الامور نتالی بیکر نے امریکی سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں انہوں نے کہا کہ ریکوڈک میں دنیا کے بڑے سونے اور تانبے کے ذخائر اور اقتصادی اصلاحات پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے موزوں بناتے ہیں سرمایہ کاری کا یہی وقت ہے جبکہ وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم کردار کیلئے تیار، ملک کوئلہ’ سونا’ تانبہ اور نایاب معدنیات سے مالامال ہے اعلیٰ سطحی ویبینار ”پاکستان کے معدنی شعبے میں مواقع” کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا امریکی سرمایہ کار اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں ان کو ہر ممکن سہولت دیں گے امریکی سفیر نتالی بیکر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے اور امریکی سرمایہ کار اس شعبہ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ویبینار میں امریکی سفارتکاروں’ پاکستانی حکام اور معدنی وتوانائی کمپنیوں کے نمائندگان کے شرکت کی،، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے اور امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت خوش آئند ہے امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے پاکستان کو بے شمار فوائد حاصل ہوں گے جبکہ پاکستان کے معدنی شعبے میں امریکی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ملک خوشحال ہو گا موجودہ حکومت کو اس سلسلے میں انتہائی سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور زیادہ سے زیادہ امریکی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنا ہو گا امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسیع کرنا پاکستان کی ضرورت ہے اس موقع سے پاکستان کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں