53

پاک امریکہ تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت (اداریہ)

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا دونوں راہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات علاقائی سلامتی اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم نے امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں بالخصوص اہم معدنیات میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے 2013ء سے 2018ء کے دوران کامیابی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی جس سے پاکستان کو بہت زیادہ معاشی اور انسانی نقصان ہوا امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کو مزید بڑھانے کی امریکی خواہش کا اظہار کیا امریکی وزیرخارجہ نے افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی فوجی سازوسامان کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا،، پاکستان اور امریکہ کے درمیان رابطہ خوش آئند ہے بلاشبہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری انتہائی ضروری ہے پاکستان اور امریکہ دونوں کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے ٹرمپ انتظامیہ کو پرانے اتحادی پاکستان کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنا چاہیے پاکستان اس وقت معاشی طور پر اتنا مستحکم نہیں کہ عالمی ممالک کے ساتھ تعلقات میں سرد مہری اختیار کر لے وزیراعظم شہباز شریف کی کوشش ہے کہ پاکستان امریکہ سمیت تمام بڑے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنائے! پاک امریکہ تعلقات میں بہت اتار چڑھائو رہتا ہے اور اکثر معاملات میں گرمی سردی چلتی رہتی ہے ٹرمپ انتظامیہ کے پاکستان سمیت مختلف ممالک پر ٹیکسز کے نفاذ کے اعلان پر عالمی دنیا میں ایک ہنگامہ برپا ہے یورپ کے عوام میں امریکی صدر کے اس فیصلے پر احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں ایسے وقت میں امریکی وفد کا دورہ پاکستان بہت اہمیت کا حامل ہے ایک بیان میں محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ایرک میئر پاکستان کے معدنی سرمایہ کاری فورم میں امریکی مفادات کی نمائندگی کرینگے اہم معدنیات اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع پر توجہ مرکوز کریں گے توقع ہے کہ فورم مشترکہ وسائل کی ترقی پر مکالمے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا ایسے میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے امکانات ہیں اور افغان مسئلہ بھی ان کوششوں کی صورت میں ممکن ہے کہ بہتری کی طرف بڑھا جا سکے ایرک میئر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے فریم ورک کو تقویت دینے کے لیے سینئر پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے محکمہ خارجہ نے مزید کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی تعاون ایک بنیادی ایجنڈہ آئٹم ہے علاقائی سلامتی کو برقرار رکھنے میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں اور خطرات کی نشاندہی کرنے اور اسے بے اثر کرنے کیلئے جاری شراکت داری اس کوشش کے لیے ناگزیر ہے ایرک مییر کا دورہ پاکستان کے ساتھ سٹرٹیجک اقتصادی اور سکیورٹی پارٹنرشپ کی تعمیر میں امریکہ کی تجدید دلچسپی کو واضح کرتا ہے جیسے جیسے علاقائی خطرات بڑھ رہے ہیں امریکہ اسلام آباد کو جنوبی اور وسطی ایشیا میں استحکام برقرار رکھنے میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھتا ہے یہ وقت بغیر تاخیر کئے امریکہ سے تعلقات بڑھانے کا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کرے امریکی وفد کے سامنے افغانستان سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سدباب کے لیے آواز اٹھائے امریکہ کا پاکستان کے معدنی سرمایہ کاری کا عندیہ خوش آئند ہے اور امریکی وفد کو پاکستان کے معدنی سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے تاکہ بھاری امریکی سرمایہ کاری سے ہماری معیشت مستحکم ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں