پاک بزنس ایکسپریس ٹرین حادثے کا شکار

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چند روز قبل لاہور سے شروع کی گئی پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کراچی پہنچنے کے بعد واشنگ لائن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرین کی ایک اکانومی کلاس کی بوگی واشنگ لائن کی طرف جاتے ہوئے اچانک پٹری سے اتر گئی خوش قسمتی سے ٹرین اس وقت خالی تھی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حادثے کے باعث واشنگ لائن کی طرف جانے والا ریلوے ٹریک بلاک ہو گیا، جس سے ریلوے کی صفائی اور دیکھ بھال کے معمولات متاثر ہوئے,ٹرین لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ حادثہ ہوگیا.واضح رہے کہ پاک بزنس ایکسپریس کا افتتاح چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا تھاجسے لاہور سے کراچی کے درمیان مسافروں کے لیے ایک جدید، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولت قرار دیا گیا تھا۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ٹریک یا ٹرین کی ممکنہ خرابی کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد جانے والی اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کالا شاہ کاکو کے مقام پر الٹ گئی تھی، حادثہ پٹری کے ٹوٹنے کے باعث پیش آیا تھا تاحال ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں