پاک بھارت ٹاکرا آج ،کروڑوں کرکٹ شائقین پرجوش

کولمبو(سپورٹس نیوز) شائقینِ کرکٹ کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹیمیں کچھ ہی گھنٹوں میں کولمبو میں مدمقابل ہوں گی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سب سے بڑے معرکے کا کانٹ ڈان شروع ہوگیا ہے جس کے ساتھ ہی شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوگئی ہیں۔پاکستانی وقت کے مطابق پاک بھارت میچ پریماداسا سٹیڈیم میں آج رات ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔پاکستانی ٹیم بڑے معرکے کی تیاریوں کے سلسلے میں کولمبو میں ڈیرے ڈال چکی جہاں شاہینوں نے جم کر ٹریننگ کی، جبکہ بھارتی ٹیم نے بھی کولمبو میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔روایتی حریفوں کے اس ہائی وولٹیج میچ کا تماشائیوں کو شدت سے انتظار ہے، اس سلسلے میں کولمبو میں بڑے میچ کی بڑی تیاریاں جاری ہیں، پاک بھارت میچ کی تمام ٹکٹیں بک چکی ہیں، ہوٹل فل پیک، کمرے نایاب، اور کرائے آسمان پر پہنچ گئے ہیں۔پاک بھارت ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کولمبو میں 80 فیصد بارش کی پیشگوئی کر دی، میچ کے دوران وقفے وقفے سے بارش کے امکانات برقرار ہیں، میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ،ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔دریں اثنائ۔کولمبو(سپورٹس نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملاقات کی ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور پلیئرز کے عزم وجذبے کو سراہا۔محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں کپتان سلمان علی آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، منیجر نوید اکرم چیمہ سمیت تمام کھلاڑی، کوچنگ سٹاف، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور ڈائریکٹر میڈیا عامر میر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں