پاک فضائیہ کا طیارہ گر گیا

راولپنڈی (بیوروچیف) پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث میانوالی سبزہ زارکے قریب گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ محمد ذیشان شہید ہوگئے۔پاک فضائیہ کے مطابق تربیتی ایف سیون طیارہ گذشتہ رات فنی خرابی کے باعث میانوالی میں گرکرتباہ ہوگیاتھا۔اعلامیے کے مطابق ونگ کمانڈرپائلٹ محمد ذیشان کاجسد خاکی حادثے کی جگہ سے ملا جہاں سے ان کے جسد خاکی کو پی اے ایف بیس ایم ایم عالم پہنچا دیا گیا اور وہی پر ان کی نماز جنازہ پڑھی گئی۔ایف سیون پی جیز کو پاک فضائیہ میں پہلی مرتبہ 2002میں ایف 6کی جگہ متعارف کرایا گیا تھا۔یاد رہے کہ رواں سال مئی میں پاک فضائیہ کا F-7PG طیارہ میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم حادثے میں طیارے کے پائلٹ محفوظ رہے تھے۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ F-7PGطیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوا۔رواں سال مئی میں ہی پاک فضائیہ کا ایک اور تربیتی طیارہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا۔پی اے ایف کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ضلع جھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے دوران میراج طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تاہم حادثے کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا جسے ریسکیو کرلیا گیا۔یاد رہے کہ نومبر 2015 میں میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ ایف ٹی- 7 گر کر تباہ ہونے سے خاتون فلائنگ آفیسر مریم مختیار شہید ہوگئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں