پاک فوج، رینجرز اور پولیس کا فلیگ مارچ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ، پاک فوج،رینجرز اور پولیس کے زیر اہتمام عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر شہریوں اور عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے بھرپور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا، امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور سکیورٹی اداروں کے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنا تھا۔فلیگ مارچ پولیس لائن سے روانہ ہو کر چنیوٹ بازار، دھوبی گھاٹ، مرکزی امام بارگاہ ، مدینہ ٹائون،جڑانوالہ روڈ،سمندری روڈ،غلام محمد آباد،سرگودھا روڈ،اسٹیشن چوک،کچہری بازار،اسٹیشن چوک اور مرکزی جلوسوں کے روٹس سے ہوتا ہوا شہر کے مختلف حساس مقامات سے گزرا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کی جبکہ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) طیب سمیع، پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولت دینے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ مرکزی جلوسوں کے راستوں پر صفائی، روشنی، میڈیکل کیمپس اور دیگر سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔کلینک آن وہیل، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور لوکل گورنمنٹ کے خصوصی سکواڈ جلوسوں کے ساتھ ہمہ وقت موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عزاداروں کے لیے سبیلوں، سایہ دار مقامات، عارضی واش رومز اور پانی کی فراہمی کا بھی بھرپور بندوبست کیا گیا ہے۔سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں