پاک چین دوستی دلوں کا رشتہ ہے، رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور (بیورو چیف) پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور، رمیش سنگھ اروڑہ نے عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی جو کہ لاہور میں قونصل جنرل آف چائنہ کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔ چین کے قونصل جنرل لاہور مسٹر ژا شیرین اور میڈم وینگ شیانڈونگ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے چین کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ سمندروں سے گہرا اور ہمالیہ سے بلند ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پنجاب اور پاکستان کے عوام چین کی اقتصادی ترقی، انفراسٹرکچر منصوبوں، تعلیم اور ثقافتی تبادلے میں غیر متزلزل تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاک چین دوستی صرف سفارتی رشتہ نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہے۔ لاہور میں چین کے قومی دن کی تقریب اس گہرے رشتے اور باہمی محبت کی عکاسی کرتی ہے۔تقریب میں ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا، جو دونوں ممالک کی ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت ہے۔اس موقع پر نامور شخصیات، سفارتکار، سرکاری عہدیدار، کاروباری رہنما اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے جنہوں نے چین کی ترقی، اتحاد اور خوشحالی کے شاندار سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں