25

پاک چین دوستی ناقابل شکست قرار (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں قومی دن کے موقع پر چین کی قیادت اور برادر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مبارک موقع پر میں چینی عوام کی ترقی’ خوشحالی اور کامیابی کیلئے دعاگو ہوں’ یہ دن نہ صرف چین کے شاندار قومی سفر کی یاد دہانی ہے بلکہ ایک عظیم قوم کی ترقی’ استحکام اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں چین کے کردار کا بھی اعتراف ہے صدر شی جن پنگ کی بصیرت اور مثالی قیادت میں چین نے ترقی وخوشحالی کے ایسے سنگ میل عبور کئے ہیں جو دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے، پاکستان اور چین کی دوستی لازوال اور ناقابل شکست رشتہ ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے یہ رشتہ باہمی اعتماد قربانی اور اخلاص پر مبنی ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے امن اور خوشحالی کی ضمانت ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری ہمارا چین کے ساتھ انتہائی اہم مشترکہ معاشی منصوبہ ہے جو کہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے اور ہم پرامید ہیں کہ دونوں ممالک اپنی دوستی اور شراکت داری کو نئے سنگ میل تک لیکر جائیں گے علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی آزمودہ دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے صدر شی جن پنگ کی قیادت چین کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے گئی پاکستان مشترکہ خوٍشحالی اور عالمی تعاون کے وژن کا حامی ہے،، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے عظیم دوست ملک کی قیادت اور عوام کو چین کے 76 ویں قومی دن کے موقع پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی ایسی دوستی ہے جو ناقابل شکست ہے اس میں کچھ شک نہیں کہ چین نے معاشی’ سماجی’ عسکری میدان میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے چینی قوم دنیا کی واحد قوم بن کر ابھری ہے جو اپنے وطن کو بلندیوں تک لیجانے کا عزم رکھتی ہے اس قوم نے دنیا کو وہ کر دکھایا جسے کوئی بھی قوم نہ کر سکی چین نے عالمی قوتوں کو بھی بتا دیا ہے کہ چین کے ساتھ کسی قسم کا پنگا نہ لیا جائے چین نے جدید دفاعی سازوسامان اور دیگر شعبوں میں ناقابل یقین ترقی کر کے خود کو منوایا ہے چین کی تجارت دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہے امریکہ اور روس جیسی عالمی طاقتیں بھی چین کے ساتھ بہت احتیاط اور سوچ سمجھ کر بات کرتی ہیں ٹرمپ کے ابتدائی دور میں چین کو ٹیرف میں اضافہ کر کے دبائو میں لانے کی کوشش کی گئیں مگر چین ڈٹ گیا اور ٹرمپ کو نرمی اختیار کرنا پڑی چین کی قیادت نے صرف 76برسوں میں اتنی ترقی کی ہے جتنی کوئی ترقی پذیر ملک بھی نہ کر سکا چین کو آزادی ملی تو سب سے پہلے پاکستان نے اس کو تسلیم کیا تھا اس دن سے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات قائم ہیں اور ہر آنے والے دن میں مضبوط تر ہو رہے ہیں پاکستان پر جب بھی کوئی افتاد پڑی چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا پاک چین دوستی کی سب سے اہم مثال دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) ہے جس کے تحت پاکستان میں چین نے بھاری سرمایہ کاری کی سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے اور اس کا دوسرا فیز شروع ہو چکا ہے سی پیک منصوبہ کی تکمیل 2030ء تک ہونی ہے جس کے بعد پاکستان دنیا میں بڑی اہمیت اختیار کر جائے گا پاک چین سٹریٹجک شراکت داری خطے میں توازن کی بنیاد ہے’ سی پیک جیسے عظیم منصوبے پاک چین عظیم شراکت داری کی روشن مثال ہیں۔ ہمالیہ کی فلک بوس چوٹیاں’ سمندر کی گہرائیاں اور قراقرم کی سنگلاخ راہیں پاک چین لازوال دوستی کی گواہ ہیں چین نے ہر بحران علاقائی تنائو یا داخلی چیلنج میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیکر ثابت کیا کہ وہ اپنی دوستی کو کتنی اہمیت دیتا ہے پاکستانی قوم بھی عظیم دوست ملک چین کو 76ویں قومی دن کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہے اور دعاگو ہے کہ چین اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں