16

پتنگ کی ڈور سے نوجوان کی موت کے واقعہ میں ملوث پانچ ملزمان گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی پولیس نے ڈجکوٹ روڈ مومن آباد کے قریب گلے میں کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے والے 22سالہ آصف کے واقعہ میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان خیالات کا اظہار سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ ڈجکوٹ روڈ پر سمن آباد کا آصف اشفاق موٹرسائیکل پر شہر کی طرف آ رہا تھا کہ گلے میں کیمیکل ڈور پھرنے سے موقع پر زندگی کی بازی ہار گیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا جس پر جدید ذرائع اور کیمرہ جات کو چیک کیا تو ڈجکوٹ روڈ کا رہائش پذیر محمد عابد حسین جس نے کراچی سٹیل کے نام سے دکان بنا رکھی ہے، 22مارچ کو اسی وقت پنجاب بنک کی چھت پر پتنگ بازی کر رہا تھا، اسکو حراست میں لیکر بازپرس کی تو عابد نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اسکی ڈور پھرنے سے آصف اشفاق کی موت واقع ہوئی۔ جسکی وجہ سے المناک حادثہ پیش آیا، نوجوان کی ہلاکت کی وجہ سے پریشان ہو کر تمام پتنگیں اور ڈور چھت پر ہی جلا دی تھیں تاکہ میں پکڑا نہ جا سکوں، پولیس نے جلی ہوئی پتنگوں اور ڈور کا مواد قبضہ میں لیا۔ پکڑے جانیوالے ملزم عابد نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ملازم عتیق الرحمن سکنہ نثار کالونی گلی نمبر26 کے ذریعے نثار کالونی گلی نمبر20 کے رہائشی ذیشان جاوید ولد جاوید ملک سے حاصل کی، جنہوں نے نواب چوک چھتری چوک کے رہائشیوں محمد بلال ولد عبدالشکور اور عبدالشکور ولد محمد ارشاد سے حاصل کی تھی، تاہم پولیس نے عابد اور اس کے سہولت کاروں چاروں ملزمان کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ سی پی او نے کہا کہ گرفتار ہونے والے پانچوں ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں