فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رمضان المبار ک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلہ میں ایڈمن آفیسر/پرائس کنٹرول مجسٹر یٹ ریاض حسین انجم نے مختلف مارکیٹوں، سٹورز کا دورہ کیا۔ریاض حسین انجم نے گوشت، دالوں، آٹا، چینی، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کا تفصیلی جائزہ لیا۔مختلف دکانوں اور سٹورز میں ریٹ لسٹوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف موقع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے اوورچارجنگ اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں کو جرمانے عائد کئے جبکہ سنگین خلاف ورزی کے مرتکب چند دکانوں کو سیل بھی کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مہم کے تحت انسپکشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔




