45

پشاور دھماکے میں ملوث پولیس یونیفارم پہنے خود کش حملہ آور کی شناخت ہو گئی

پشاور (بیوروچیف)آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ ہم دہشتگرد نیٹ ورک کے نزدیک ہیں اور سانحہ پشاور میں ملوث خودکش بمبار کی شناخت بھی کرلی ہے جو پولیس کی وردی میں ملبوس تھا۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معظم جاہ انصاری نے کہا کہ میںنے خودکش حملہ آور ڈھونڈ نکالا ہے، ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو خیبرروڈ سے پولیس لائنز کی جانب آتے دیکھا گیا۔میں نے خودکش بمبار کو کیمرے میں شناخت کرلیا ہے، اس کا چہرہ بھی دیکھ لیا ہے اور مسجد کے اندر ملنے والے خودکش بمبار کے سر سے اس کا چہرہ کراس میچ بھی کرلیا ہے۔آئی جی خیبرپختونخواہ نے کہا کہ خودکش بمبار پولیس کی وردی میں ملبوس تھا جس نے عام جیکٹ اور ہیلمٹ پہن رکھا تھا، اس نے منہ پر ماسک لگا رہا تھا اور موٹر سائیکل پر آیا تھا، وہ موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی ہے۔یہ بھی معلوم ہو اہے کہ سانحہ پشاور میں ملوث خودکش حملہ آور وقوعے سے قبل گزشتہ جمعے کو نمازِ جمعہ کے موقع پر بھی پشاور پولیس لائن کی اسی مسجد میں دہشت گردی کے لیے پہنچا تھا جہاں پولیس کی اعلی قیادت نمازِ جمعہ کے لیے موجود تھی تاہم سخت سیکیورٹی کی وجہ سے وہ واپس چلا گیا تھا۔جمعے کی نماز سی سی پی او اور سینئر پولیس افسران اسی مسجد میں ادا کرتے ہیں۔پیر کے روز خودکش حملہ آور پولیس یونیفارم میں مسجد میں داخل ہوا۔خودکش حملہ آور کی جیکٹ میں لگ بھگ 15کلو تک بارودی مواد تھا جبکہ خودکش حملہ آور کے ہیلمٹ میں بھی بارودی مواد کی موجودگی کا شبہ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں