پشاور نے ملتان کو شکست دیدی

ملتان (سپورٹس نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10کے 25ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7وکٹ سے شکست دے دی۔ملتان کرکٹاسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے دیے گئے ہدف 109رنز کو 42گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔پشاور زلمی نے 109رنز کا ہدف 13اوورز میں 3وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، مچل اوون 1، بابر اعظم 8اور صائم ایوب 49رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔پشاور زلمی کی طرف سے میکس برائنٹ 38اور محمد حارث 7رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ لوٹے، ملتان سلطانز کے شاہد عزیز نے 2وکٹ اپنے نام کیے۔پی ایس ایل 10میں ملتان سلطانز کی یہ 8ویں شکست تھی جبکہ پشاور زلمی نے ایونٹ میں اپنے پیش قدمی کے امکانات روشن کرلیے ہیں۔پشاور زلمی کے 8میچز کے بعد 8پوائنٹس ہیں اور اس کے دو میچز کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے خلاف 8اور 9مئی کو شیڈول ہیں۔پشاور زلمی اگر کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے خلاف دونوں میچز جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو اس کا کوالیفائر مرحلے میں داخلہ یقینی ہوجائے گا اور ایک بھی میچ میں شکست اسے باہر کا راستہ دکھا سکتی۔اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 19اعشاریہ 1اوورز میں 108رنز پر ڈھیر ہوگئی، شائی ہوپ 17، طیب طاہر 22، محمد رضوان 17، محمد حسنین 11 اور یاسر خان 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔پشاور زلمی کے احمد دانیال نے 3، معاذ صداقت اور لیوک ووڈ نے 2، 2 جبکہ علی رضا، صائم ایوب اور الزاری جوزف نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ملتان کے اسکواڈ میں یاسر خان، شائی ہوپ، محمد عامر برکی، محمد رضوان، طیب طاہر، فیصل اکرم، ایشٹن ٹرنر، ڈیوڈ ویلی، شاہد عزیز، عبید شاہ اور محمد حسنین شامل تھے۔پشاور زلمی کی ٹیم میں بابر اعظم، صائم ایوب، حسین طلعت، مچل اوون، محمد حارث، معاذ صداقت، میکس برائنٹ، احمد دانیال، علی رضا، لیوک ووڈ اور الزاری جوزف شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں