57

پلازے ،دوکانیں خالی ، سڑکوں پر ٹھیلے ، ریڑھیاں لگ گئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تجاوزات کے حوالے سے فیصل آباد بدترین شہر بن گیا، بازاروں اور گلیوں میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر دکانداریاں سجائی گئیں، عبداﷲ پور پھاٹک سے لیکر نشاط آباد پُل تک ریڑھیاں ہی ریڑھیاں لگائی گئیں، دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کی بھرمار، پلازوں اور دکانوں پر خریداری نہ ہونے کے برابر رہ گئی، سڑکوںپر لگے ٹھیلے معاشی سرگرمیوں کو بھی متاثر کرنے لگے، میونسپل کارپوریشن کے حکام ”نذرانے” وصول کر کے خاموش، ضلعی انتظامیہ صورتحال کا فوری نوٹس لیکر تجاوزات کیخلاف بھرپور اقدامات اٹھائے، عوامی حلقوں کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے 8بازاروں اور دیگر علاقوں میں ہر طرف تجاوزات مافیا نے ”ات” مچا دی ہے، بالخصوص عبداﷲ پور پھاٹک سے لیکر نشاط آباد پُل ریڑھیوں کی بھرمار سے لوگوں کا پیدل چلنا بھی دشوار بن چکا ہے، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر دکانداریاں سج جانے سے ٹریفک حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، اس صورتحال نے دکانوں پر کاروبار ٹھپ کر دیئے، جبکہ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے حکام تجاوزات مافیا کے سامنے بے بس نہیں بلکہ منتھلیاں وصول کر کے خاموش ہیں، اب شہر میں کوئی علاقہ ایسا نظر نہیں آتا جہاں تجاوزات کی بھرمار نہ ہو، فٹ پاتھوں پر قبضہ جمانے کے بعد سڑکوں پر دکانداریوں کا سلسلہ دن بدن بڑھنے لگا ہے اور MCFحکام کی اس سلسلے کو روکنے میں لاپرواہی کئی مسائل کو جنم دے رہی ہے، سڑکوں پر حادثات بڑھنے کیساتھ ساتھ جیب تراشی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو گیا، تجاوزات مافیا کو لگام ڈالنا بیحد ضروری ہے لہٰذا ضلعی انتظامیہ فوری نوٹس لے اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں