پنجاب ائیر لائن کے طیارے اپریل میں اڑان بھریں گے

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت کی ائیر لائن اپریل میں کام شروع کر دے گی۔ پہلی فلائٹ اپریل میں ہی شروع ہو گی۔ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت صوبے کی اپنی ائیر لائن چلانے کے لئے برق رفتاری سے کام کر رہی ہے۔ پنجاب ائیر لائنز کے لئے ابتدا میں 7مسافر جہاز خریدے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب ائیرلائنز پہلے مرحلے میں 2 سال تک صرف اندرون ملک آپریٹ کرے گی۔ آپریشنز کے آغاز کے دو سال بعد یعنی نئے عام انتخابات سے کافی پہلے پنجاب ائیرلائنز انٹرنیشنل فلائٹس بھی شروع کریگی۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر مریم نواز شریف کے موجودہ ہیلی کاپٹر کو بھی پنجاب ائیرلائن میں شامل کیا جائے گا بلکہ یہی پنجاب ائیر لائنز کا پہلا اثاثہ ہو گا۔ صوبائی ھکومت کی ائیر لائنز کے قیام کے بعد چیف منسٹر مریم نواز شریف خود پنجاب ائیرلائن کے جہاز استعمال کریں گی، ان کے لیے الگ سے خصوصی جہاز نہیں خریدا جائیگا۔ پنجاب حکومت کے تمام وزرائ، عہدیدار بھی پنجاب ائیر لائنز سے سفر کیا کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کی ائیر لائنز کھڑی کرنے کے لئے صوبہ کے خزانے پر اضافی بوجھ نہ ڈالنے کی سٹریٹیجی پر کام ہو رہا ہے۔ موجودہ اور نئے جہازوں کو مکمل طور پر منافع کے حصول کے لیے استعمال کیا جائیگا۔ نئے جہاز مسافروں کے ساتھ چیف منسٹر کے بھی استعمال میں آئیں گے، چیف منسٹر جب پنجاب ائیر لائن کا جہاز استعمال کریں گی تو اس کا پورا کرایہ دیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں