پنجاب اسمبلی کی خالی ہونیوالی مزید2نشستوں پر امیدوار میدان میں آگئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی عدالت سے پاکستان تحریک انصاف کے مزید دو ممبران صوبائی اسمبلی کو سزائیں سنائے جانے پر پی پی115 اور پی پی116 میں امیدواروں نے سیاسی سرگرمیاں شروع کر دی، امیدواروں کے ڈیروں پر لوگوں کا رش لگ گیا۔ تفصیل کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے حلقہ پی پی115 سے ممبر صوبائی اسمبلی شیخ شاہد جاوید کو تین سال اور حلقہ پی پی116 سے حاجی اسماعیل سیلا کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت سے سزا سنائے جانے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے دونوں ممبران صوبائی اسمبلی کو نااہل قرار دیا جائے گا تو مذکورہ حلقوں میں دوبارہ ضمنی انتخابات ہونگے۔ قبل ازیں بھی خصوصی عدالت کی جانب سے حلقہ این اے96 سے رائے حیدر علی کھرل اور حلقہ این اے104 سے صاحبزادہ حامد رضا اور پی پی98 سے جنید افضل ساہی کو سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دیتے ہوئے دوبارہ ضمنی انتخابات کروانے کا شیڈول جاری کرتے ہوئے 5اکتوبر کو الیکشن کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اسطرح فیصل آباد کے مزید صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں میں مقابلہ ہو گا۔ جس پر پی پی115 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں طاہر جمیل یا انکے بیٹے بیرسٹر میاں آفاق طاہر اور حلقہ پی پی116 سے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ خاں کے داماد رانا احمد شہریار خاں امیدوار ہو سکتے ہیں جبکہ لیگی امیدواروں نے ضمنی انتخابات کیلئے سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ سیاسی ڈیرے آباد ہونا شروع ہو گئے۔ امیدواروں نے بھی ووٹرز سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا، موجودہ ضمنی انتخابات میں لیگی حلقوں میں زیادہ جوش وخروش پایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں