2

پنجاب بھر میں ڈرون سکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور ( بیو رو چیف )پنجاب بھر میں ڈرون اسکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد مختلف معاملات میں انفورسمنٹ اور موثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت بڑے پیمانے پر جدید ڈرونز خریدے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے لیے 20 جدید نائٹ ویژن کیمروں سے لیس ڈرونز خریدے جائیں گے، جبکہ صوبہ بھر کے لیے مجموعی طور پر 159 جدید نائٹ ویژن ڈرونز حاصل کیے جائیں گے۔ ان میں سے 98 ڈرونز مختلف تحصیلوں اور 41 ڈرونز اضلاع کے لیے مختص کیے جائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق ان ڈرونز کے ذریعے پنجاب بھر میں کرائم ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ ٹریفک مینجمنٹ، تجاوزات کی نشاندہی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے بھی ڈرونز کو بروئے کار لایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرونز اڑانے کے لیے متعلقہ عملے کو مکمل اور خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ ڈرون اسکواڈ سیف سٹیز اتھارٹی کی زیر نگرانی مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا، جبکہ تمام ڈرونز کو لائیو مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹیز سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔حکام کے مطابق حکومت نے اس منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ڈرونز کی خریداری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، جس سے صوبے میں امن و امان اور شہری سہولیات کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں